ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ووٹر فہرست خصوصی مہم کے دوران صرف 7242 کا اندراج

ووٹر فہرست خصوصی مہم کے دوران صرف 7242 کا اندراج

Thu, 09 Jan 2020 12:04:27    S.O. News Service

بنگلورو،9/جنوری (ایس او نیوز) ووٹر فہرست میں ناموں کا اندراج، تصحیح اور ترمیمات کے سلسلہ میں انتخابی کمیشن کی طرف سے شہر میں منعقدہ سہ روزہ خصوصی مہم ”منچنا نوندنے“ (بجلی کی رفتار میں اندراج) کے ابتدائی دو دنوں کے دوران صرف 7,242 افراد نے درخواست داخل کی تھی-بروہت بنگلورو مہا نگرا پالیکے (بی بی ایم پی) کمشنر اور ضلع کے انتخابی افسر بی ایچ انیل کمار نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ شہر میں ممکنہ پہلی مرتبہ کے رائے دہندگان میں بیداری پیدا کرنے کے سلسلہ میں مزید اقدامات اختیار کرنے کی ضرورت ہے-خصوصی مہم کے ابتدائی دو دنوں کے دوران 18-19 سال عمر کے نئے رائے دہندگان کے زمرہ میں صرف 2,319 افراد نے درخواستیں جمع کی تھیں جبکہ بیس سال اور اس سے زیادہ عمر کے زمرہ میں آنے والے کل 4,923 افراد نے درخواستیں داخل کی ہے-کمار نے کہا کہ ”جب تک ہمیں بنگلور شہر میں 18-19 سال کی عمر کے نوجوانوں کی کل آبادی کا مکمل اندازہ نہیں ہو جاتا یہ کہنا مشکل ہے کہ خصوصی مہم کے دوران پہلی مرتبہ حق رائے دہی استعمال کرنے والے افراد کے اندراج کے سلسلہ میں رد عمل کمزور رہا ہے، واضح رہے کہ اس خصوصی مہم کا آغاز پیر کے دن ہوا تھا اور ہم کسی کو بھی رائے دہندگان کی حیثیت سے اپنے ناموں کا اندراج کرانے کے لئے زبر دستی نہیں کر سکتے، یہ ایک رضاکارانہ پروگرام ہے اور اس سلسلہ میں ہم شہریوں سے صرف اپیل ہی کر سکتے ہیں“-کمار نے مزید کہا کہ ”اس مہم کا مقصد یہ تھا کہ انتخابی سرگرمیوں میں شامل بلدی افسران ممکنہ نئے رائے دہندگان تک پہنچ کر انہیں انتخابی فہرست میں شامل ہونے کے لئے ترغیب دے سکیں -البتہ جمعرات کے دن سے جو لوگ انتخابی فہرست میں اپنے ناموں کا اندراج کرانا چاہتے ہیں وہ اسسٹنٹ ریٹرننگ الیکٹورل افسر کی خدمت میں درخواست دے سکتے ہیں“-سال 2020 میں بنگلور شہر کی اندازاً آبادی 1.4 کروڑ بتائی جا رہی ہے، جبکہ اس شہر کی انتخابی فہرست کے مسودہ میں 91 لاکھ سے زیادہ رائے دہندگان کا اندراج ہوا ہے-ہندوستانی انتخابی کمیشن کے مطابق انتخابی فہرست کے کم از کم تین فیصدی حصہ کو 18-19 کی عمر کے زمرہ میں ہونا چاہئے-


Share: